کمرشل بینکوں کو متاثرہ علاقے میں بے گھر لوگوں کو بینکاری کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
Posted on May 16, 2009
کراچی ۔۔۔۔ اسٹیٹ بینک نےکمرشل بینکوں کو سوات اوردیگر متاثرہ علاقوں سے بے گھر ہونےوالے افراد کے لئے بینکاری کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ اسٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ سوات اوردیگر ملحقہ اضلاع کی موجودہ صورت حال کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کو بینکاری کی بنیادی سہولتیں فراہم کریں۔ اسٹيٹ بينک کے مطابق سوات اور دیگر ملحقہ اضلاع سے بے گھر ہونے والے افراد کی اُن کے بینک اکاوٴنٹس تک رسائی کویقینی بنایا جائے۔اسٹيٹ بينک نے تمام بينکوں کو ہدايت کي ہے کہ وہ افراد جن کے پاس اپنی چیک بکس يااے ٹی ایم کارڈز وغیرہ نہيں ہيں انکے ليے بھي نقد رقوم نکلوانے سمیت بینکاری کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے فوری طور پر انتظامات کئے جائیں۔ کمرشل بینکوں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ وہ بے گھر ہونے والے افراد کو بینکاری کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے کئے جانے والے انتظامات سے متعلق بینرز/پوسٹرز امدادی کیمپوں میں آویزاں کریں۔
Tags: aid camps, commercial banks, Pakistan, sawat, State Bank, امدادی کیمپوں, سوات
