مالاکنڈ ڈویژن میں تمام زرعی قرضے معاف ، زرعی ٹیکس نہیں لگے گا وزیراعظم

Posted on May 26, 2009

اسلام آباد۔۔۔۔۔وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے مالا کنڈ ڈویژن کو آفت زدہ قراردیتے ہوئے تمام زرعی قرضے معاف کردیئے۔ وزیر اعظم نے کسان کنونشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین مالاکنڈ نے شر پسندوں کی وجہ سے کھڑی فصلیں چھوڑ کر ہجرت کی تاہم حکومت ان کے نقصانات کا ازالہ کریگی، ان کا کہنا تھا کہ مالاکنڈ کے متاثرین پاکستانی ہیں اور وہ کسی بھی حصے میں جا سکتے ہیں۔ ان کی مالی مدد میں آسانی کے لئے ان کی رجسٹریشن کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت 450سے بڑھا کر 950روپے فی من تک کردی جس سے کسانوں کو فائدہ پہنچا۔ زرعی پالیسی پر کابینہ میں بحث کی جائے گی، جس میں چاروں وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہونگے ۔ فصلوں کی انشورنس کی اسکیم شروع کی ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں کو انعام کے طور پر ٹریکٹر دیئے جائیں گے۔ عالمی معاشی بحران سے پاکستان کو بھی متاثر کیا لیکن ہم نے اقتصادیات کو زراعت کی طرف منتقل کردیا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ بجلی اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حکومت کو ورثہ میں ملا ہے ،اس سال کے آخر تک لوڈشیڈنگ پر قابو پالیں گے۔ اگر ہم آج ڈیم بنانا شروع کرینگے تو پانچ سال بعد بجلی ملنا شروع ہوگی، ہر ماہ ایک پاور پلانٹ کا افتتاح کرینگے۔ بلوچستان کے مسئلے پر ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی ختم کیا جائیگااوران کے مسائل پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔ صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں زرعی ٹیکس لگانے کا کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو ا،اس حوالے سے وزارت خزانہ سے بریفنگ کے بعد ہی کہا جاسکے گا۔ ہمسایوں سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں ، بھارت سے کشمیر سمیت تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

Tags:

Leave a Reply